“میں خود کو کوئی بہت بڑا اللہ والا نہیں سمجھتا، لیکن میرا یقین ہے کہ میری تمام کامیابیاں، اچھا رزق اور سکون سب خدا کی طرف سے ہے۔ لوگ مذاق اڑاتے ہیں کہ میں باوضو ہو کر اداکاری کرتا ہوں، اور کہا جاتا ہے کہ کیسے اداکار ہیں جو نامحرم خواتین کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ لیکن میرے والد کی نصیحت تھی کہ گھر سے نکلتے ہوئے باوضو ہونا چاہیے، خدا کام میں برکت ڈالتا ہے،
اور میرا رزق اسی برکت سے چل رہا ہے، یہ سب اللہ کا کرم ہے، میرا کوئی کمال نہیں۔ پاکستانی ٹیلی ویژن کے نامور اداکار نعمان اعجاز نے اپنی زندگی، ایمان اور شوبز انڈسٹری کے بارے میں ایسے انکشافات کیے ہیں جو دل کو چھو لینے والے ہیں۔ یوٹیوب کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نعمان اعجاز نے بتایا کہ انڈسٹری میں 36 سال سے کام کرنے کے باوجود آج تک کسی پروڈیوسر یا ہدایت کار نے ان کے پیسے نہیں روکے۔ مگر ایک بات جس کا وہ شکوہ کرتے ہیں، وہ یہ ہے کہ جب انہوں نے باوضو ہوکر کام کرنے کی بات کی تھی تو لوگوں نے ان پر طنز کیا اور میمز بنائیں۔نعمان اعجاز نے اپنی تعلیم اور پیشے کے بارے میں بھی بات کی۔ وکالت کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد، اگرچہ وہ کچھ وقت تک وکیل رہے، لیکن ان کی اصل منزل شوبز ہی بنی اور اب وہ اپنے کام میں خدا کی برکت اور رضا کو اہم سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم میں سے اکثر دعویٰ تو کرتے ہیں کہ رازق خدا ہے، مگر عملاً ہم انسانوں کو اپنا رازق سمجھنے لگتے ہیں۔ نعمان اعجاز کا یہ مضبوط ایمان اور ان کی سادہ باتیں سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، جہاں ان کے عقائد اور باتوں پر تعریف و تنقید دونوں ہی سامنے آ رہی ہیں۔ ان کے مطابق، والد کی نصیحت کے مطابق باوضو ہو کر گھر سے نکلنا ان کے لیے برکت کا ذریعہ ہے، اور وہ اپنے رزق کو اسی خدا کے کرم کا نتیجہ مانتے ہیں
اپنی رائے کا اظہار کریں